سال 2021 میں کتنی رقم اپنے غیر ملکی اکاؤنٹ میں جمع کروائی ؟

اسلام آباد (ویب ڈیسک) فرحت شہزادی ڈالرز ذخیرہ کرنے میں ملوث رہی ہیں، ایف آئی اے نے انہیں نوٹسز بھی بھجوائے تاہم، اس پر پیش رفت نہ ہوئی۔ فرحت شہزادی نے جنوری سے ستمبر، 2021 کے دوران غیرملکی کرنسی اکائونٹ میں تقریباً ڈھائی لاکھ ڈالرز جمع کروائے۔ تفصیلات کے مطابق، پاکستان میں ایسے وقت میں جب ڈالر

کے مقابلےمیں روپے کی قدر گرتی جارہی ہے، فرحت شہزادی مارکیٹ سے ڈالر خریدنے میں مصروف ہیں۔ فرحت شہزادی نے جنوری سے ستمبر، 2021صرف نو ماہ کے دوران اپنے غیرملکی کرنسی اکائونٹ میں 249650 ڈالرز جمع کیے اور اس کے ذرائع بھی نہیں بتائے۔ ایف آئی اے نے4دسمبر،2021کو فرحت شہزادی کو انکوائری نوٹس بھیجا تھا اور اس بابت تفصیلات طلب کی تھیں۔ تاہم، چارہ ماہ سے زائد کا عرصہ گزرجانے کے باوجود اس تحقیقات میں کوئی پیش رفت نہیں ہوئی۔ ذرائع نے دی نیوز کو بتایا ہے کہ ایف آئی اے نے حیران کن طور پر مذکورہ کیس کو پس پشت ڈال دیا ہے کیوں کہ فرحت شہزادی کے خاتون اول سے قریبی روابط ہیں۔ اکتوبر،2021کو ایف آئی اے نے 100افراد کو نوٹسز بھجوائے تھے اور فیصلہ کیا تھا کہ ایسے افراد سے تحقیقات کی جائیں گی جو کہ مبینہ طور پر مختلف ایکسچینج کمپنیوں سے لاکھوں ڈالرز خریدنے میں ملوث تھے اور انہوں نے یا تو رقوم جمع کیں یا پھر بیرون ملک بھجوائیں۔ فرحت شہزادی ان 100افراد میں شامل تھیں جوکہ ڈالرز یا تو جمع کررہے تھے یا بیرون ملک بھجوارہے تھے۔ دی نیوز نے ڈائریکٹر ایف آئی اے، لاہور ڈاکٹر محمد رضوان کو ایک سوال نامہ بھیجا جس کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ نوٹسز ان 100افراد کو بھجوائے گئے تھے جنہوں نے گزشتہ 2برس میں امریکی ڈالرز خریدے تھے۔ ان سے جب خصوصی طور پر فرحت شہزادی سے متعلق پوچھا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ مخصوص تفصیلات ای او کے پاس ہیں جنہیں میں دفتر جاکر دیکھوں گا۔

فرحت شہزادی پر اپوزیشن رہنمائوں کی جانب سے سنگین الزامات عائد کیے جانے کے بعد دی نیوز نے تحقیقات شروع کی تھی۔ جس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ عمران خان کے اقتدار میں آتے ہیں فرحت شہزادی کی دولت میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ دستاویزات کے مطابق فرحت شہزادی نے 2019میں ٹیکس ایمنسٹی اسکیم سے بھی فائدہ اٹھایا۔ اور ٹیکس ایمنسٹی اسکیم 2019کے تحت 32کروڑ 80 لاکھ روپے ظاہر کیے۔ ایف آئی اے کارپوریٹ کرائم سرکل لاہور نے 4دسمبر، 2021کو ایک انکوائری نوٹس جاری کیا تھا، جس کے ذریعے فرحت شہزادی سے پوچھا گیا تھا کہ وہ غیرملکی کرنسی کے ذرائع کی وضاحت کریں ۔ نوٹس میں کہا گیا تھا کہ باوثوق ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ آپ نے مجموعی طور پر یکم جنوری سے 30ستمبر، 2021کے دوران 249650ڈالرز جمع کیے۔ لہٰذا آپ سے گزارش ہے کہ منگل، 7دسمبر، 2021کو صبح ساڑھے دس بجے ، ایف آئی اے دفتر، 1-ٹیمپل روڈ، لاہور کے دفتر میں ذاتی حیثیت میں یا پھر اپنے نمائندے (صرف اکائونٹنٹ) کے ذریعے پیش ہوں اور اپنے ہمراہ متعلقہ بینک اسٹیٹمنٹ بھی لائیں اور اس ایجنسی کو آگاہ کریں کہ مذکورہ غیرملکی کرنسی فی الوقت آپ کی ملکیت میں ہے اور آپ کے غیرملکی کرنسی اکائونٹس میں موجود ہے ۔ یہ وضاحت بھی کی جاتی ہے کہ یہ قانونی نوٹس ڈالرز کی نقد خریداری کے لیے استعمال ہونے والے فنڈز کے اصل ذرائع کو ظاہر کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ نوٹس پر عمل درآمد نہ ہونے کی صورت میں یہ سمجھا جائے گا کہ آپ نقد امریکی ڈالرز کی خریداری کی اصل وجوہات بیان نہیں کرنا چاہتیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.