شیخ سعدی ؒ کی سبق آموز حکایت

حضرت شیخ سعدی رحمتہ اللہ علیہ بیان کرتے ہیں کہ ایک بادشاہ کشتی پر سوار تھا۔ کشتی میں ایک عجمی لڑکا بھی سوار تھا۔ اس لڑکے نے اس سے قبل کبھی دریا کا سفر نہیں کیا تھا چنانچہ جب کشتی روانہ ہوئی اس نے رونا شروع کر دیا اور ڈر سے اس کا بدن کانپنے لگا۔

بادشاہ چونکہ نازک طبع ہوتے ہیں اس لیے اس لڑکے کے رونا اس کا سفر کا مزہ خراب ہو گیا۔لوگوں نے بہت کوشش کی کہ وہ لڑکا خاموش ہو جائے مگر اس لڑنے نے رونا بند نہ کیا۔ ایک دانا شخص جو کشتی میں سوار تھا اس نے بادشاہ سے کہا کہ اگر حکم ہو تو میرے پاس ایک ایسا طریقہ ہے کہ یہ لڑکا رونا بند کر دے گا؟ بادشاہ نے کہا کہ اگر ایسا کوئی طریقہ ہے تو وہ آزمایا جائے تاکہ اس لڑکے کا رونا ختم ہو۔ اس دانا شخص نے لڑکے کو پکڑا اور دریا میں پھینک دیا۔ جب اس لڑکے کو چند غوطے لگے تو اسے بالوں سے پکڑ کر واپس کشتی میں بٹھا دیا۔ وہ لڑکا اب چپ ہو کر ایک کونے میں نہایت اطمینان سے بیٹھ گیا۔بادشاہ حیران ہوا اور اس نے اس دانا شخص سے کہا کہ تو نے یہ کیا کیا اور اس میں کون سی دانائی پوشیدہ ہے ؟ دانا شخص نے جواب دیا کہ آرام کی قدر اسی کو ہے جس نے کوئی تکلیف دیکھی ہو۔ یہ لڑکا ڈوبنے کی تکلیف سے ناواقف تھا اور اسے کشتی کی قدر و قیمت کا اندازہ نہ تھا آج اب چند غوطے لگانے کے بعد اسے کشتی کی قدروقیمت کا اندازہ ہو گیا ہے۔ جنت کی حوروں کے لیے تو اعراف ہی دوزخ ہے اور دوزخیوں کے لیے وہ جنت ہے۔ جس کا محبوب اس کے پاس ہو اس میں اور جو محبوب کی آمد کا منتظر ہو دونوں میں بہت فرق ہوتا ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.