ہنڈا کمپنی کا بڑا فیصلہ! سی ڈی 70 اور 125 سمیت موٹر سائیکلوں کی قیمت کیا ہوگئی؟ خریداروں کے لیے بڑی خبر

کراچی (نیوز ڈیسک ) عوامی سواری موٹر سائیکل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق اٹلس ہونڈا لمیٹڈ کی طرف سے گزشتہ7 ماہ میں ڈالر کی گرتی ہوئی قیمت کے بعد کم درآمدی لاگت کے باوجود موٹرسائیکل کی قیمتوں میں ایک ہزار سے 16 سو روپے تک کا اضافہ کردیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق یکم اپریل سے ہوگا ، جس کے بعد سے ہونڈا کی سی ڈی 70 ایک ہزار روپے اضافے کے ساتھ 82 ہزار 900 روپے جب کہ سی جی 125 ایک ہزار 600 روپے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 36 ہزار 500 روپے میں فروخت کی جائے گی۔اس سے پہلے ڈی ایس موٹرز نے اسٹیل کی قیمتوں میں اضافے کا کہتے ہوئے یونیک 70 سی سی موٹرسائیکل کے 2 ماڈلز کی قیمتوں پر 20 فروری سے ڈھائی ہزار روپے کے اضافے سے آگاہ کردیا جبکہ میمن موٹرز نے سپر اسٹار 70 سے 100 سی سی بائیکس پر 2 سے 3 ہزار روپے بڑھا دیے ، یہ اضافہ ملک میں 94 فیصد سے زائد لوکلائزیشن کرنے اور گزشتہ 6 ماہ سے ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر مستحکم ہونے کے باجود دیکھنے میں آیا ۔خیال رہے کہ قبل ازیں گذشتہ ماہ جاپانی بائیک میکر اٹلس ہونڈا نے جنوری 2021ء کے دوران دوسری مرتبہ موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ اس سے قبل جنوری کے آغاز پر بھی کمپنی کی جانب سے موٹرسائیکل ماڈلز کی قیمتوں میں ایک ہزار سے 3 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا گیا تھا۔ علاوہ ازیں گذشتہ برس نومبر میں بھی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر مستحکم ہونے کے باوجود جاپانی اور چینی بائیک اسمبلرز نے مختلف ماڈلز کی قیمتوں میں 500 سے 3 ہزار روپے تک کا اضافہ کیا تھا۔جبکہ پاک سوزوکی موٹر کمپنی لمیٹڈ (پی ایس ایم سی ایل) نے بھی یکم نومبر سے مختلف ماڈلز کی قیمتیں 3 ہزار روپے تک بڑھا دی تھیں۔ موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں دن بدن ہونے والے اس اضافے پر عوام نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اگر مہنگائی میں اسی شرح کے تحت اضافہ ہوتا رہا تو وہ دن دور نہیں جب ایک موٹر سائیکل تک خریدنا خواب بن جائے گا ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.