
جہانگیر ترین کی تحریک انصاف میں واپسی
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے انکشاف کیا ہے کہ جہانگیر ترین حکمران جماعت تحریک انصاف سے بہت دور ہو چکے ہیں، اب وہ جہاز والی بات نہیں رہی، جہاز اب بچوں والا رہ گیا، جسے وہ کاغذ سے بنا کر اڑاتے ہیں۔یہ چونکا دینے والا انکشاف شیخ رشید احمد نے
ایک نجی ٹیلی وژن سے گفتگو میں کیا۔ ایک اہم سوال کا جواب دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین یا ان کے صاحبزادے کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کیلئے ابھی تک کسی نے ان سے رابطہ نہیں کیا اور نہ ہی ایسا کوئی کیس ہمارے پاس آیا ہے۔ذہن میں رہے کہ فیڈرل انوسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے گزشتہ روز ماضی میں پی ٹی آئی کے اہم رہنما سمجھے جانے والے جہانگیر ترین اور ان کے صاحبزادے علی ترین کیخلاف مبینہ فراڈ کا مقدمہ درج کر لیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے مستقبل کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز ٹکراؤ کی جبکہ شہباز شریف اور حمزہ سلجھاؤ کی سیاست کر رہے ہیں۔ اپوزیشن اتحاد پی ڈی ایم وزیراعظم عمران خان جیسے ہیوی ویٹ کو گرانے میں ناکام ہو چکا ہے۔ملکی سیاسی صورتحال پر نظر دوڑائی جائے تو یہ انتہائی دلچسپ مرحلے میں داخل ہو چکی ہے۔ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف کے معاملے پر ن لیگ اور پیپلز پارٹی میں دوریاں پیدا ہو چکی ہیں۔ خبریں ہیں کہ پیپلز پارٹی کی قیادت نے مریم نواز سے فاصلہ اختیار کرتے ہوئے حمزہ شہباز سے رابطے شروع کر دیئے ہیں۔پاک بھارت تعلقات کے بارے میں بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ جتنی مرضی کوشش کر لیں، کشمیر کا مسئلہ حل ہوئے بغیر ہندوستان سے تعلقات بہتر نہیں ہو سکتے۔شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ کشمیری زندہ قوم ہیں، وہ کسی کے محتاج نہیں ہیں، بھارت سے درآمدات کی منظوری پر کابینہ میں بات کروں گا۔
Leave a Reply