اوپر تلے حکمناموں نے عوام کو چکرا کر رکھ دیا

کراچی(ویب ڈیسک) کیا کھلے گا کیا نہیں؟ اور کب تک ؟حکومت کی جانب سےکورونا لاک ڈائون اورایس اوپیز کے حوالے سے تواتر کیساتھ آنے والےنت نئے حکم ناموں سے کاروباری طبقہ اور عوام ابہام کا شکار ہوگئے۔ہر روز نئے حکم ناموں کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی اور ذہنی اذیت کا سامنا ہے ،

حکومت نے پہلے نوٹیفکیشن جاری کیا کہ جمعہ اور اتوار کاروبار بند رہے گا، پھر نوٹیفکیشن جاری ہوا ہفتہ اور اتوار بند رہےگا، بعد ازاں حکومت نے پھر نوٹیفکیشن جاری کیاکہ جمعہ اور اتوار ہی کاروبار بند رہے گا، اسی طرح عوام اور کاروباری طبقہ اس حوالے سے بھی تذبذب کا شکار ہےکہ کونسا کاروبار کھلے گا اور کب تک ؟ دوسری جانب حکومت کے نئے حکم نامے کے مطابق کل سےریسٹورینٹس ،بیکری،کریانہ اسٹور، دودھ،گوشت ،سبزی کی دکانیں صبح 5سے شام 7بجے تک کھلیں گی تاہم اس حوالے سے دیگر شہروں سے آئے لاکھوں مزدور بھی پریشان ہیں کہ سحری سےقبل چائے کے ہوٹل بند ہونے کے باعث وہ سحری کہاں کریں؟کیوں کہ انکا ناشتہ اور کھانے پینے کا انحصار ان ہی ہوٹلوں پر ہوتا ہے،مزدور طبقے کاکہناہےکہ کورونا ایس او پیز کیساتھ ہمیں سحری کرنے کی اجازت دی جائے۔مزید برآں شہر میں پولیس کی جانب سے کچھ کچھ مقامات پر ایس او پیز پر عمل درآمد کروایا جارہا ہے اور کاروبار مقررہ وقت پر بند کروایا جارہاہے تاہم اکثر مقامات پر بالخصوص اہم شاہرائوں سمیت گلی محلوں میں کاروبار معمول کے مطابق چل رہا ہے اور پولیس کی جانب سے نرمی دیکھنے میں آئی۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.