توفیق بٹ کی ایک دلچسپ طنزیہ و مزاحیہ تحریر

لاہور (ویب ڈیسک) نامور کالم نگار توفیق بٹ اپنے ایک دلچسپ کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔۔ایک بچہ گلی میں اپنے گھر کے باہر کھڑا مسلسل روئے جارہا تھا، پاس سے گزرتے ہوئے ایک شخص (محلہ دار ) نے اُس سے پوچھا کیوں اتنا رورہے ہو؟ وہ کہنے لگا ”میری مرغی مر گئی ہے“….

محلے دار نے کہا ”لوجی میری پرسوں بے بے مر گئی تھی میں تو اتنا نہیں رویا“۔ ….بچہ بولا ” تیری بے بے کوئی انڈے دیندی سی ؟“…. 2021کے بجٹ میں سگریٹ بھی مہنگے کردیئے گئے ہیں، میرے نزدیک یہ فیصلہ بھی سرکار نے عوام کی صحت کے وسیع تر مفاد میں ہی کیا ہوگا، سگریٹ کے نقصانات برائلر مرغی سے بھی زیادہ ہیں، برائلر مرغی چھوڑی جاسکتی ہے، سگریٹ پینے والوں سے اگر کوئی یہ کہے آپ سگریٹ چھوڑ دیں اُنہیں یوں محسوس ہوتا ہے جیسے آپ نے اُنہیں مغلطات سے نواز دیا ہو، پچھلے دنوں ایک سینئر بیوروکریٹ کے ساتھ کچھ دیر بیٹھنے کا اتفاق ہوا، وہ مسلسل سگریٹ پیئے جارہے تھے، میں چونکہ سگریٹ نہیں پیتا مجھے سخت کوفت ہورہی تھی، میرا خیال تھا میری اِس کوفت کا اُنہیں اندازہ ہورہا ہوگا۔ اور میرے چہرے کے ناخوشگوار تاثرات کو محسوس کرتے ہوئے وہ سگریٹ پینا بند کردیں گے۔ پر وہ سگریٹ کی ڈبی میری طرف بڑھاتے ہوئے بولے ”آپ کچھ پریشان لگ رہے ہو، لیں ایک آدھا سگریٹ پی لیں“….میرا جی چاہا اُن کی اِس بات پر ایک زوردار تھپڑاُن کے منہ پر رسید کردوں مگر مجھے اُن سے چونکہ ایک ضروری کام تھا، سو میں اپنی یہ حسرت پوری نہ کرسکا، بلکہ میں نے سگریٹ پر دواشعار اُنہیں سنا دیئے، آپ بھی سنئے ….”جس کی وجہ سے تم سگریٹ پیا کرتے تھے ….کسی اور کی وجہ سے اب وہ اچار کھاتی ہے ….دوسرا شعر بھی سُن لیں ….”سگریٹ سلگایا تھا تیری یاد بھلانے کو …. بے درد دھوئیں نے تیری تصویر بنا ڈالی….

سگریٹ کا تو پتہ چل گیا ہے بجٹ میں سرکار نے مہنگے کردیئے ہیں،مشروب خاص کا ابھی تک پتہ نہیں چلا مہنگی ہوئی ہے یا سستی؟۔ میں نے اِس بارے میں معلومات لینے کے لیے دو تین بار مولانا طاہر اشرفی صاحب کے موبائل نمبر پررابطہ کیا، مگر اُن کا نمبر بند جارہا تھا، میرا اپنا اندازہ ہے مشروب خاص چونکہ عموماً دولت مندوں کی ”آئٹم “ سمجھی جاتی ہے اس لیے یہ سستی ہی ہوئی ہوگی، ….ویسے ہمارے اکثر مے نوشوں کے اپنے ہی مسائل بلکہ اپنے ہی سٹائل ہوتے ہیں، آپ کا کوئی جاننے والا، کوئی دوست، کوئی عزیز آپ کے ساتھ بیٹھ کر پی رہا ہو، آپ لاکھ اُسے سمجھانے کی کوشش کریں آپ نہیں پیتے وہ آپ کو اپنے ساتھ پینے پر مجبور کرتا رہے گا، وہ اگر ایسا نہ کرے اُسے یوں محسوس ہوتا ہے جیسے وہ ”گرم مے “ پی رہا ہے، پچھلے دنوں ایسے ہی ایک دوست نے اصرار کیا، میں نے اُسے بتایا ” میں نہیں پیتا کیونکہ یہ اسلام میں حرام ہے“۔ ….اب ایسے ”مائینڈ سیٹ“ کا بندہ کیا کرے؟…. بجٹ 2021میں ایک ناانصافی یہ ہوئی عورتوں کے حقوق کی علمبردار حکومت نے میک اپ کا سامان مہنگا کردیا۔ اصل میں یہ ظلم عورتوں سے زیادہ مردوں پر کیا ہے کیونکہ عورتوں کو شاپنگ تو مردوں نے ہی کروانی ہوتی ہے، عورتوں کا کیا جاتا ہے، جو جاتا ہے مردوں کا ہی جاتا ہے، اب ”سامان میک اپ“ مہنگا ہونے سے مردوں کی جو بددعائیں ملیں گی ہوسکتا ہے اُس کے نتیجے میں یہ حکومت اپنے اقتدار کی مدت پوری کرلے۔ کل بے چارہ ایک سرکاری ملازم کہہ رہا تھا ” بجٹ میں ہماری دس فی صد تنخواہیں بڑھنے کا ہمیں کیا فائدہ ہوا؟ جبکہ دوسری طرف سرکار نے بجٹ میں میک اپ کا سامان مہنگا کردیا ہے“ ….ہمارے ایک شیخ دوست جو روزانہ اپنی بیگم کو ”بیوٹی پارلر“ لے جانے کا فریضہ انتہائی احسن طریقے سے انجام دیا کرتے تھے، جب سے بجٹ آیا ہے وہ ایک ہی بات اپنی بیگم سے کہے جارہے ہیں ”بیگم یقین کرو میک اپ کے بغیر تم بالکل حورجیسی لگتی ہو“…. سنا ہے کل ایک سرکاری افسر نے رشوت میں ساتھ میک اپ کا سامان بھی مانگ لیا، میں سوچ رہا ہوں حکومت نے اگر میک اپ کا سامان مہنگا کرنا تھا تو سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم سو فی صد اضافہ لازمی تھا۔ ہمارے کچھ افسروں کو میک اپ کے بغیر اپنی بیویاں ایسے ہی لگتی ہیں جیسے رشوت کے بغیر افسریاں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.