احسان مانی چیئرمین پی سی بی کا عہدہ بچا سکیں گے یا نہیں ؟

کراچی(ویب ڈیسک)پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی کو چیئرمین کا عہدہ بچانے کے لئے اگلے دس دن اہم ہوں گے۔ وہ پی سی بی میں اپنا عہدہ اسی وقت تک بچاسکیں گے جب25اگست تک پی سی بی کے سر پرست اعلی وزیر اعظم عمران خان ان کی نامزدگی اگلی مدت کے لئے

بھی بورڈ آف گورنرز میں کریں گے۔احسان مانی اور اسد علی خان کو تین سال قبل24اگست کو وزیر اعظم نے بورڈ آف گورنرز میں نامزد کیا تھا دس دن میں ان کے عہدے کی معیاد ختم ہورہی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ احسان مانی کی ایک بار پھر نامزدگی ہوگی اور وہ الیکشن جیت کر مزید تین سال کے لئے چیئرمین بن جائیں گے۔چیئرمین کو ووٹ بورڈ آف گورنرز کے ممبرز ہی دیتے ہیں۔دوسری جانب پیر کوہونے والی اہم پیش رفت میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے انتخاب کے لیے سپریم کورٹ کے سابق جج جسٹس عظمت سعید شیخ کو الیکشن کمشنر مقرر کردیا گیا ہے۔جسٹس (ر) عظمت سعید کی تقرری وزیراعظم عمران خان نے کی۔وزیراعظم عمران خان نے پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن کی حیثیت سے تعیناتی کی ہے۔پی سی بی بورڈ آف گورنرز میں سات اراکین ووٹ دیتے ہیں چار اراکین آزاد حیثیت میں آئے ہیں۔دو کی نامزدگی پیٹرن ان چیف کرتے ہیں۔جبکہ ساتواں ووٹر چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر ہے۔احسان مانی کو توسیع ملنے پر چیف ایگزیکٹیو وسیم خان کو بھی مزید دو سال کی توسیع مل سکتی ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.