مہنگائی سے ستائی عوام کو بڑا ریلیف مل گیا

کراچی: (ویب ڈیسک) نیپرا نے کراچی کے صارفین کے لیے بجلی 7.43 روپے فی یونٹ سستی کرنے کی منظوری دے دی۔ کے الیکٹرک کی نومبر کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ پر سماعت میں نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 7.43 روپے کمی کی منظوری دے دی ہے۔

اتھارٹی کے مطابق فیصلے سے کراچی کے بجلی صارفین کو 10 ارب 61 کروڑ روپے کا ریلیف ملے گا۔ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ سے متعلق تفصیلی فیصلہ نیپرا بعد میں جاری کرے گی، تاہم منظوری کے مطابق حالیہ کمی کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔ حکام کے مطابق کے الیکٹرک کے اپنے ذرائع سے بجلی کی پیداوری لاگت 27 روپے 13 پیسےرہی۔ نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی نے کے الیکٹرک سے بجلی کی پیداواری لاگت کم کرنے کے حوالے سے پلان بھی طلب کرلیا۔ اتھارٹی نے کہا کہ کے الیکٹرک ایک ہفتے میں اس حوالے سے اپنا پلان پیش کرے۔ دوسری جانب رواں مالی سال کے پہلے پانچ مہینوں کے دوران بجٹ کی صرف دو مدوں یعنی قرضوں پر سود کی ادائیگی اور دفاع پر 2.2 ٹریلین (2200 ارب) روپے خرچ ہوگئے جو وفاقی حکومت کی کل خالص آمدنی سے بھی زیادہ ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع نے بتایا کہ رواں مالی سال جولائی تا نومبر کے دوران وفاقی حکومت پر واجب الادا 50 ٹریلین(50,000 ارب) روپے کے قرضوں پر سود کی لاگت میں 83 فیصد کا تشویشناک اضافہ ہوا۔ وزارت خزانہ نے تقریباً 1.7 ٹریلین روپے قرضوں پر سود کی مد میں ادا کیے، یہ رقم گزشتہ سال کے مقابلے میں 763 ارب روپے یا 83 فیصد زائد ہے، اسی طرح ریٹائرڈ فوجیوں کی پنشن اور مسلح افواج کے ترقیاتی پروگرام کے اخراجات کو چھوڑ کر پانچ ماہ میں 517 ارب روپے دفاع پر خرچ کیے گئے۔ یہ رقم گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 112 ارب روپے یا تقریباً 28 فیصد زیادہ ہے۔ قرض کی ادائیگی اور دفاع پر مجموعی اخراجات 2.2 ٹریلین روپے رہے جو کہ وفاقی حکومت کی خالص آمدنی سے بھی زائد (107 فیصد کے برابر) ہیں۔ قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کے تحت صوبوں کو ان کے حصے کی ادائیگی کے بعد وفاقی حکومت کی خالص آمدنی 2.04 ٹریلین روپے تھی۔ قرضوں کی ادائیگی اور دفاع پر 2.2 ٹریلین روپے کے بھاری اخراجات کے مقابلے میں صرف 119 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں پر خرچ کیے گئے۔ ترقیاتی اخراجات گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں 133 ارب روپے یا 53 فیصد کم رہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.