چکری کا چوہدری ان ایکشن ۔۔۔ چوہدری نثار علی خان کے ایک بار پھر (ن) لیگ سے رابطوں کا انکشاف ، سینیٹ الیکشن سے قبل کیا کچھ ہو سکتا ہے ؟ باخبر صحافی کی خاص خبر

لاہور (ویب ڈیسک) اسلام آباد سے نامور صحافی سہیل چوہدری اپنی سیاسی ڈائری میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔۔سینیٹ انتخابات کی مہم کے حوالے سے سرگرمیاں زور پکڑنے لگی ہیں جوڑ توڑ کا آغاز ہو گیا ہے۔ حکومت کے اندر ایسے حلقوں اور شخصیات جن کی شنوائی نہیں ہو رہی تھی اب ان پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان اس ضمن میں اراکین اسمبلی سے ملاقاتیں کر رہے جبکہ حکومتی حلیفوں حتیٰ کہ چودھری برادران کی بھی سنی گئی ہے۔ سپیکر صوبائی اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کی قیادت میں ایک وفد کی وزیراعظم عمران خان سے اس حوالے سے ملاقات پاکستانی سیاست میں غیر معمولی طور،بلکہ اہم مضمرات کی حامل ہو سکتی ہے۔ معروضی سیاسی حالات میں چودھری پرویز الٰہی کا کردار بوجوہ اہم ہوتا جا رہا ہے۔ ملک کے سب سے بڑے صوبہ پنجاب میں دو بڑی متحارب سیاسی جماعتوں پاکستان مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف کے مابین اسمبلی میں عددی توازن اس انداز سے ہے کہ چودھری پرویز الٰہی اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے انہیں سینیٹ انتخابات میں جوڑ توڑ کے حوالے سے اہم ٹاسک دیا ہے۔اب دیکھنا ہے کہ وہ پنجاب میں کیا کرشمہ دکھاتے ہیں۔ چودھری پرویز الٰہی کے ہمراہ ملاقات میں رکن قومی اسمبلی چودھری مونس الٰہی بھی تھے یہ بھی ایک اہم پیش رفت ہے۔ سینیٹ انتخابات کے اہم ترین مرحلہ کے بعد پنجاب میں کسی ممکنہ تبدیلی کے تناظر میں بھی چودھری پرویز الٰہی کا کردار اہم ہو سکتا ہے جبکہ دارالحکومت میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے ناراض رہنما چودھری نثار علی خان کے بارے میں بھی اطلاعات ہیں کہ وہ بعض سینئر ن لیگی رہنماؤں سے روابط میں ہیں، جبکہ پنجاب میں کسی آئندہ ممکنہ تبدیلی کے حوالے سے مختلف امکانات کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔ شریف خاندان کے دیرینہ رفیق چودھری نثار علی خان اور میاں محمد نوازشریف کے مابین برف پگھلنے کی تاحال کوئی اطلاع نہیں،جبکہ چودھری نثار علی خان اور ن لیگ کی سینئر نائب صدر مریم نواز شریف کے مابین بھی فاصلے موجود ہیں۔

Leave a Reply

Your email address will not be published.