
عمران اینڈ کمپنی کو آئینہ دکھا دیا گیا
لاہور (ویب ڈیسک) نامور کالم نگار نسیم شاہد اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔ضمنی انتخابات دو جانیں لے کر اختتام پذیر ہو گئے، مگر اپنے پیچھے کئی سوالات بھی چھوڑ گئے۔ الیکشن کمیشن کی اہلیت پولیس اور انتظامیہ کی کارکردگی، سیاسی جماعتوں کی جمہوریت پسندی اور عوام کی سیاسی تربیت کے بارے میں سوالات۔
این اے 75ڈسکہ کے نتائج کو جس طرح آخر وقت پر تاخیر کا شکار کیا گیا، اس نے ایک بار پھر ایک تنازعہ کھڑا کر دیا۔ جہاں تک ان انتخابات کے نتائج کا تعلق ہے تو وہ حکومت کے حق میں کچھ اچھے نہیں نکلے۔ پنجاب کی دو نشستیں تو مسلم لیگ (ن) کی چھوڑی ہوئی تھیں، مگر نوشہرہ کی نشست پر تحریک انصاف کے امیدوار کو شکست حکومت کے خلاف ایک واضح تبدیلی کا اشارہ ہے، جو عوام میں مچل رہی ہے۔ اس سے پہلے سندھ میں بھی ضمنی انتخابات تحریک انصاف کی عدم مقبولیت کا نقارہ بجا گئے۔ یوں تین صوبوں میں حکومت کی شکست اتفاقی نہیں، بلکہ حکومت کی اڑھائی سالہ کارکردگی پر عدم اعتماد ہے۔آپ کب تک یکطرفہ ٹریفک چلا سکتے ہیں، کب تک یہ رگ الاپ سکتے ہیں کہ پچھلی حکومتوں کی لوٹ مار نے اس حال تک پہنچایا ہے۔ پچھلی حکومتوں کو تو عوام اب یاد کر رہے ہیں اور اس کا سب سے بڑا ثبوت ضمنی انتخابات میں حکمران جماعت کی واضح شکست ہے۔ عموماً ضمنی انتخابات میں حکومتی امیدوار آسانی سے جیت جاتے ہیں، کیونکہ عوام یہ سمجھتے ہیں کہ حکومت کا امیدوار کامیاب ہوگا تو ان کے مسائل حل ہوں گے، مگر اس بار ایسا نہیں ہوا، کیا اس کی وجہ یہ ہے کہ عوام حکومت سے مایوس ہو چکے ہیں، انہیں اس حوالے سے حکومتی امیدواروں سے کوئی توقع نہیں،کیونکہ جہاں یہ نمائندے موجود ہیں، وہاں بھی عوام کے مسائل حل نہیں ہو رہے۔ حکومتی وزیر و مشیر اس شکست کا بھی بڑی ڈھٹائی سے دفاع کریں گے اور اسے مسلم لیگ(ن) بدمعاشی کا نتیجہ قرار دیں گے،
مگر یہ بات اس لئے لطیفے سے زیادہ اہم نہیں ہو گی کہ ساری ریاستی مشینری تو حکومتی امیدواروں کے ساتھ تھی، پھر یہ سب کچھ اگر ہوا تو اس کی ذمہ داری کس پر عائد ہوتی ہے۔سندھ اور پنجاب کے ضمنی انتخابات سے یہ بات بھی ثابت ہوئی کہ پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا ووٹ بنک اپنی جگہ موجود ہے اور حکومت کی دن رات جاری رہنے والی بدعنوانی کہانی کی مہم بھی اُس کا خاتمہ نہیں کر سکتی،جبکہ دوسری طرف نوشہرہ میں تحریک انصاف اپنی نشست برقرار نہ رکھ سکی اور مسلم لیگ(ن) نے اُسے پچھاڑ دیا،جس کا واضح مطلب یہ ہے کہ تحریک انصاف کی مقبولیت کم ہوئی ہے اور وہ اپنی چھوڑی ہوئی نشست بھی دوبارہ حاصل نہیں کر سکی۔ وہ جو کہتے تھے کہ مسلم لیگ(ن) کو اس کے گڑھ لاہور کے عوام نے بھی مسترد کر دیا ہے اور مینارِ پاکستان کے جلسے میں نہیں آئے، وہ لاہور کے قریب ترین دو شہروں میں مسلم لیگ (ن) کی کارکردگی کا کیا جواب دیں گے؟ یہ بات ثابت ہو گئی کہ مسلم لیگ(ن)آج بھی ایک مقبول جماعت ہے، جس کے خلاف تمام تر پروپیگنڈے کے باوجود اُس کی عوام میں اثر پذیری کو ختم نہیں کیا جا سکا۔یہ ضمنی انتخابات اس حقیقت کو بھی آشکار کر گئے ہیں کہ صرف مخالفانہ پروپیگنڈے سے سیاسی جماعتیں ختم نہیں ہوتیں، انہیں ختم کرنے کا اصل طریقہ یہ ہے کہ مقابل جماعت اپنی کارکردگی سے اُس کی یاد عوام کے دِلوں سے محو کر دے۔ یہاں یہ حال ہے کہ بُری معاشی کارکردگی کے باعث عوام کو پچھلے ادوار یاد آ رہے ہیں جب انہیں ضروریاتِ زندگی کی اشیا اُن کے وسائل میں رہ کر مل جاتی تھیں،ایک ہی بات کب تک ہر مسئلے کا جواب ہو سکتی ہے، کپتان نے ”این آر او نہیں دوں گا“ کی گردان سے عوام کو مطمئن کرنے کی جو حکمت عملی اختیار کی،اُسے ضمنی انتخابات کے نتائج نے مسترد کر دیا ہے۔اس کی بجائے انہوں نے عوام کو معاشی ریلیف دیا ہوتا، پولیس اور دفتری نظام کو بدلنے کے لئے اصلاحات کی ہوتیں، روزگار کے مواقع بڑھائے ہوتے تو عوام اُن کے گن گاتے، زمینی حالات عوام کی زندگی اجیرن کر رہے ہوں تو اِدھر اُدھر کی باتوں سے اُنہیں کیسے بہلایا جا سکتا ہے۔
Leave a Reply