
جاوید چوہدری کا قارئین کے لیے انمول مشورہ
لاہور (ویب ڈیسک) نامور کالم نگار جاوید چوہدری اپنے ایک کالم میں لکھتے ہیں ۔۔۔۔۔۔ہم اہل زمین بھی کیا چیز ہیں‘ ہم ہر طوفان کو دائمی‘ ہر بادل کو خدا سمجھ لیتے ہیں‘ ہم صرف مٹی کی روح کا سپنا ہیں لیکن ہم خود کو مستقل سمجھ لیتے ہیں‘ ہم یہ سمجھتے ہیں زمانے کے
پاس ہمیں یاد کرنے کے سوا کوئی کام نہیں ہو گا‘ہم وہ ہیں جو کبھی یہاں سے رخصت نہیں ہوں گے‘ ہم اہل زمین روز نسلوں کی فصلیں کٹتے اور پھر برباد ہوتے دیکھتے ہیں لیکن ہم اس کے باوجود اس غلط فہمی کا شکار ہو جاتے ہیں ہم کٹیں گے اور نہ ہی برباد ہوں گے اور ہم اہل زمین پل کا قصہ ہونے کے باوجود‘ وقت کا حصہ ہونے کے باوجود اپنے آپ کو مکمل اور پوری کتاب حیات سمجھ لیتے ہیں۔ہم وقت کے مسافر‘ ہم پل دو پل کے ناکام شاعر نہ جانے خود کو کیا سمجھ لیتے ہیں‘ ہم فرعون کے لہجوں میں بول کر ہمیشہ اس غلط فہمی کا شکار رہتے ہیں وقت کبھی ہماری رعونت پر مٹی نہیں ڈالے گا‘ ہم خوشی کا ’’خ‘‘ ہیں‘ ہم لوح ایام پر ہمیشہ ہمیشہ درج رہیں گے‘ ہم اہل زمین بھی کیا چیز ہیں؟۔آپ بھی اگر میری طرح اس غلط فہمی کا شکار ہوتے رہتے ہیں تو پھر آپ بھی رات سونے سے پہلے ایک آدھ بار پل دو پل سن لیا کریں‘ اللہ سے معافی مانگتے رہا کریں اور اپنی اوقات کو اوقات میں رکھ کر خود کو دیکھتے رہا کریں‘زندگی اچھی گزرے گی‘ آپ یہ یاد رکھیں اس کائنات میں اللہ کی ذات کے علاوہ کوئی ناگزیر نہیں اور اس کے علاوہ کوئی شخص‘ کوئی عہدہ دائمی نہیں‘ کرسی صرف اس کی ہے جس نے کرسی کی آیت اتاری تھی باقی سب مٹی کی مٹھی ہیں‘ بکھرنا اور بکھر کر اڑ جانا ہم سب کا مقدر ہے ‘ہم مٹی کی روح کا سپنا ہیں‘ ہم مٹی میں مل کر رہیں گے اور پھر ہمارا نشان بھی نہیں ہوگا نشانوں میں۔
Leave a Reply